بھٹکل 18 جون (ایس او نیوز) بھٹکل کا سو سالہ قدیم سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گستاخ رسول نُپور شرما اور نوین جندال کو فوری گرفتار کیا جائے ، بصورت دیگر نہ صرف بھٹکل کی سطح پر بلکہ ضلعی سطح پر زبردست احتجاج کیا جائے گا۔
صدر ہند کے نام بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر محترمہ ممتادیوی کو میمورنڈم پیش کرنے کے موقع پر تنظیم کے سابق جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد حنیف شباب نے واضح کیا کہ نپور شرما اور نوین جندال نے جس طرح حضرت محمد ﷺ کی توہین کرنے کی کوشش کی، اس پر تمام مسلمانوں کے جذبات مشتعل ہوگئے ہیں، اس کو دیکھتے ہوئے پورا شہر یہاں احتجاج کرتے ہوئے شریک ہونا چاہ رہا تھا، لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے اور ضلعی انتظامیہ کی درخواست پر یہاں صرف مختلف مقامی اداروں کے ذمہ داروں کو ہی مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بھٹکل کے عوام کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ جن لوگوں نے رسول ﷺ کی شان میں گستاخی کی ہے، اُن کو فوری گرفتار کیا جائے، انہوں نے آفسران کو متنبہ کرایا کہ اگر اس پر قانونی طور پر ٹھوس کاروائی نہیں ہوئی تو نہ صرف پورے شہر بلکہ ضلعی سطح پر زبردست احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے انتظامیہ کو باور کرایا کہ وہ عوام کو اس طرح کا موقع فراہم نہ کرے۔
تنظیم کے سابق سکریٹری یحیٰ دامودی نے صدر ہند کے نام لکھے گئے بزبان انگریزی میمورنڈم پڑھ کر سنایا۔ تنظیم کے سابق صدر اور انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کے صدر مزمل قاضیا نے بزبان کنڑا واضح کیا کہ امن و امان کی صورتحال کو بحال رکھنے اور انتظامیہ کو اپنا پورا تعاون پیش کرنے کے مقصد سے ہم نے عوامی احتجاج نہیں رکھا ورنہ پورا شہر یہاں جمع ہوجاتا۔ انہوں نے کہا کہ نوپور شرما اور نوین جندال نے پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف جس طرح کی نازیبا باتیں کہی ہیں، اس سے نہ صرف ہندوستان بلکہ پورے عالم اسلام کے لوگوں کو جذبات مجروح ہوئے ہیں، اس تعلق سے مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دوسرے مذاہب کے لوگ بھی مذمت کررہے ہیں، مگر دونوں گستاخ رسول کے خلاف کسی طرح کی کاروائی ہوتی نظر نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج پورے ہندوستان میں جس طرح کی تشدد کی وارداتیں پیش آرہی ہیں، اس کے لئے نوپور شرما اور نوین جندال ہی ذمہ دار ہیں، ہمیں ایسا لگ رہا ہے کہ ان دونوں نے ملک کے حالات کو خراب کرنے کے مقصد سے ہی اس طرح کی حرکت کی ہے۔ اس لئے ایسے عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرنا بے حد ضروری ہے۔انہوں نے محکمہ پولس سے درخواست کی کہ اگر نوپور شرما اور نوین جندال کے خلاف اگر کوئی شکایت درج کرنے کے لئے پولس تھانہ آتا ہے تو اُن کی شکایات کو قبول کیا جائے اور ایف آئی آر درج کیا جائے۔
تنظیم نائب صدر محتشم محمد جعفر نے جلسہ کی قیادت کی، جماعت المسلمین قاضی مولانا عبدالرب خطیب ندوی، مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، تنظیم سکریٹری جیلانی شاہ بندری، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، جنرل سکریٹری عمیر رکن الدین، ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر محمد توفیق بیری، ویلفئر پارٹی کے ضلعی جنرل سیکرٹری فیصل شیخ، انجمن حامئی مسلمین کے جنرل سکریٹری صدیق اسماعیل، بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے سابق سکریٹری جنرل ایس جے سید ہاشم، فیڈریشن کے سابق صدر امتیاز اُدیاور، انجمن نائب صدر محمد صادق پلور، جامعہ اسلامیہ کے صدر مولوی عبدالعلیم قاسمی، پرنسپل مولانا مقبول کوبٹے ندوی، جماعت المسلمین بھٹکل سکریٹری مولوی طلحہ رکن الدین ندوی، مولوی الیاس جاکٹی ندوی، مولانا انصار خطیب مدنی، مولوی انجم گنگاولی، مولانا اُسامہ ندوی، مولانا امین رکن الدین ندوی، کونسلرس، پنچایت ممبرس ودیگر کافی ذمہ داران موجود تھے۔